وفا کے راستے کو بھی نہ آئیں گے
وہ حال پُوچھنے کو بھی نہ آئیں گے
یہ باغ سارا سُوکھ جائے گا یونہی
وہ پھُول توڑنے کو بھی نہ آئیں گے
جو لوگ آج میرے ساتھ ساتھ ہیں
یہ کل کو تھُوکنے کو بھی نہ آئیں گے
بھری ہوئی ہے زندگی مٹھاس سے
وہ زہر گھولنے کو بھی نہ آئیں گے
کچھ ایسے جا رہے ہیں تیرے شہر سے
دوبارہ گُھومنے کو بھی نہ آئیں گے
ہم انقلابی دور کی وہ فلم ہیں
کہ لوگ دیکھنے کو بھی نہ آئیں گے
تِرے فقیر اب کسی مزار پر
دھمال ڈالنے کو بھی نہ آئیں گے
حفیظ عامر
No comments:
Post a Comment