Wednesday, 15 July 2026

مخالفوں کے جلو میں وہ آج شامل تھا

 مخالفوں کے جلو میں وہ آج شامل تھا

وفا پرست رُتوں کا جو شخص حاصل تھا

وہ میری ذات کی پہچان بھی تعارف بھی

مِرے لہو میں بہ رنگِ حیات شامل تھا

حسین رات تھی ہاتھوں میں ہاتھ تھے ہم تھے

کنارِ آب خموشی تھی، ماہِ کامل تھا

تغیّراتِ زمانہ بھی کیا عجب شے ہیں

جو جاں نثار تھا پہلے وہ آج قاتل تھا

مجھے بھی فقر کی دولت پہ فخر تھا یارو

اسے بھی لعل و گُہر کا غرُور حاصل تھا

بہت ہی سادہ طبیعت تھا ان دنوں ارشد

کہ جب وہ مہر و خلوص و وفا کا قائل تھا


ارشد القادری 

No comments:

Post a Comment