Sunday, 12 July 2026

کسی گھر کا بہت نقصان ہوتا ہے

 کسی گھر کا بہت نقصان ہوتا ہے

تو دولت مند کا سامان ہوتا ہے

درونِ دل اگر ایمان ہوتا ہے

تو پھر جینا بڑا آسان ہوتا ہے

ہتھیلی پر جو سر رکھے لڑائی میں

اسی کی جیت کا اِمکان ہوتا ہے

بدن کا بوجھ ہم ڈھوتے ہی رہتے ہیں

مریں تو غیر کا احسان ہوتا ہے

پتے کی بات کہہ سکتا ہے وہ پاگل

کوئی ہُشیار بھی انجان ہوتا ہے

غریبی ہاتھ پر رکھتی ہے کھانے کو

امیروں کا ہی دسترخوان ہوتا ہے

اسد! آ جا کہ ہم کو چین آ جائے

یہ گھر تیرے بِنا سنسان ہوتا ہے


اعجاز اسد

No comments:

Post a Comment