Monday, 27 July 2026

نہ بڑھ جائے حد سے خبردار دیکھو

 نہ بڑھ جائے حد سے خبردار دیکھو

یہ تقلیدِ مغرب کی رفتار دیکھو

بچایا جو کچھ سینما میں گنوایا

ذرا قومِ مُسلم کے اطوار دیکھو

اصول اور آئین کا فُقدان یکسر

پھر اس پر عزائم کا طومار دیکھو

عمل کچھ نہیں صرف نخوت ہی نخوت

یہ ہے وجہِ افلاس و ادبار دیکھو

حریفِ مُخالف بنیں گے وہ کیونکر

جو باہم ہیں سرگرمِ پیکار دیکھو

صد افسوس کس طرح بھائی مُسلماں

اخُوّت کو کرتے ہیں اظہار دیکھو


انیسہ ہارون شروانیہ

No comments:

Post a Comment