Saturday, 25 July 2026

شوق نعت سیدالابرار ہونا چاہیے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


شوقِ نعتِ سیدالابرارﷺ ہونا چاہیے

سامنے قرآن کا معیار ہونا چاہیے

خونِ دل صرف از پئے اشعار ہونا چاہیے

نعت گو کو حاملِ ایثار ہونا چاہیے

بختِ خفتہ اس طرح بیدار ہونا چاہیے

ان کے رُخ کا خواب میں دیدار ہونا چاہیے

جُرأتِ حق گوئی پہلی شرط ہے ایمان کی

آدمی کو صاحبِ کردار ہونا چاہیے

کر لو پیش اللہ کو دیوانگی کا عذرِ لنگ

مصطفیٰﷺ کی شان میں ہُشیار ہونا چاہیے

بارش رحمت کی رم جھم کیلئے ہے شرط یہ

نغمۂ نعت نبیﷺ ملہار ہونا چاہیے

ہو لحد میں خوش کہ ان کے شربت دیدار سے

چشم روزہ دار کا افطار ہونا چاہیے

نزع میں اے برق لب پر کلمۂ طیب کے ساتھ

نام پاکِ احمدﷺ مختارﷺ ہونا چاہیے


ڈاکٹر طلحہ رضوی برق دانا پوری

No comments:

Post a Comment