Friday, 3 April 2015

تلاشنا تھا مجھے تیسرے کنارے کو

تلاشنا تھا مجھے تیسرے کنارے کو
سو میں نے ساتھ لیا شام کے ستارے کو
تِرے بہاؤ میں ہوتا رہا کٹاؤ مِرا
کہ روک پایا نہ تیری انا کے دھارے کو
اتر کے آ تو گیا ہوں میں سیڑھیاں، لیکن
پلٹ کے دیکھ رہا ہوں تِرے چوبارے کو
میں تیری آنکھ کا صدقہ اتار آیا ہوں
کہ تُو بھی دیکھ لے ڈوبتے نظارے کو
جو رتجگے مِری آنکھ سے لے گئے سپنے
وہ ڈھونڈتے ہیں تِری نیند کے دوارے کو
اسی لیے تو دُکاں بند کی ہے خوابوں کی
کہ دکھ بھی گھیر چکے ہیں مِرے خسارے کو
وہ کہہ رہی تھی حسن! ہجر ایک نعمت ہے
میں سادہ دل نہیں سمجھا تھا اس اشارے کو

حسن عباس رضا

No comments:

Post a Comment