Friday, 15 January 2016

دل ہمارا جلتے جلتے گھل گیا

دل ہمارا جلتے جلتے گھُل گیا
اَور آخر خاک میں مل جُل گیا
دے گئی امید بھی داغِ فراق
جو اثاثہ پاس تھا، وہ کُل گیا 
ڈالتے ہیں ہاتھ اچھی شے پہ لوگ
رہ گیا ٹہنی پہ کانٹا، گُل گیا
چاہ رخصت ہو گئی اے دوست آہ
جو ملاتا تھا ہمیں، وہ پُل گیا
پھول کے مانند کوئی لالہ فام 
پیار کی پہلی نظر میں تُل گیا
گو ہمارے گھر وہ چپ چاپ آئے تھے
اِس گلی سے اُس گلی تک غُل گیا
جب جہاں سے جائے گا انور شعورؔ 
'سب کہیں گے 'باغ سے بُلبُل گیا

انور شعور 

No comments:

Post a Comment