Friday, 15 January 2016

نہ سہہ سکوں گا غم ذات کو اکیلا میں

نہ سہہ سکوں گا غمِ ذات کو اکیلا میں
کہاں تک اور کسی پر کروں بھروسا میں
ہنر وہ ہے کہ جیوں چاند بن کر آنکھوں میں
رہوں دلوں میں قیامت کی طرح برپا میں
وہ رنگ رنگ کےچھینٹے پڑے کہ اس کے بعد
کبھی نہ پھر نئے کپڑے پہن کے نکلا میں
نہ صرف یہ کہ زمانہ ہی مجھ پہ ہنستا ہے
بنا ہوا ہوں خود اپنے لیے تماشا میں
مجھے سمیٹنے آیا بھی تھا کوئی جس وقت
دیار و دشت و دمن میں بکھر رہا تھا میں
نہ میں کسی کے لیے ہوں نہ کوئی میرے لیے
یہ میری زندگی ہے تو کیا میری زندگی کیا میں
یہ کس طرح کی محبت تھی کیسا رشتہ تھا
کہ ہجر نے نہ رلایا اسے نہ تڑپا میں
پڑا رہوں نہ قفس میں تو کیا کروں آخر
کہ دیکھتا ہوں بہت دور تک دھندلکا میں
بہت ملول ہوں اے صورت آشنا تجھ سے
کہ تیرے سامنے کیوں آ گیا سراپا میں
یہی نہیں کہ تجھی کو نہ تھی امید ایسی
مجھے بھی علم نہیں تھا کہ یہ کروں گا میں
میں خاک ہی سے بنا تھا تو کاش یوں بنتا
کہ اس کے ہاتھ سے گرتے ہی ٹوٹ جاتا میں

انور شعور​

No comments:

Post a Comment