Saturday, 8 August 2020

میں ان سے پوچھتا ہوں پل کیسے بنایا جاتا ہے

ایک پل بنایا جا رہا ہے

میں ان سے پوچھتا ہوں
پل کیسے بنایا جاتا ہے
پل بنانے والے کہتے ہیں
تم نے کبھی محبت نہیں کی
میں کہتا ہوں، محبت کیا چیز ہے؟
وہ اپنے اوزار رکھتے ہوئے کہتے ہیں
محبت کا مطلب جاننا چاہتے ہو
تو پہلے دریا سے ملو
رُوۓ زمین پر دریا سے زیادہ محبت کرنے والا کوئی نہیں
دریا اپنے سمندر کی طرف بہتا رہتا ہے
یہ سپردگی ہے
یہ سپردگی بچپن ہے اور بچپن بہشت
لیکن بہشت تک پہنچنے کے لیے ایک جہنم سے گزرنا پڑتا ہے
میں پوچھتا ہوں، جہنم کیا ہے؟
وہ کہتے ہیں اس سوال کا جواب درختوں کے پاس ہے
کوئی بھی موسم ہو وہ اپنی جگہ نہیں چھوڑتے
انہیں مٹی سے محبت ہے
انہیں پرندوں اور چیونٹیوں سے محبت ہے
جو ان کے جسم میں گھر بناتی ہیں
گھر کیا ہے؟ میں پوچھتا ہوں
وہ سب ہنسنے لگتے ہیں
پہلا مزدور کہتا ہے
اپنی عورت کی طرف جاؤ
ہر سوال کا جواب مل جائے گا

ثروت حسین

No comments:

Post a Comment