Wednesday, 2 December 2020

منتظر آنکھوں میں جمتا خوں کا دریا دیکھتے

 منتظر آنکھوں میں جمتا خوں کا دریا دیکھتے

تم نہیں آتے تو ساری عمر رستہ دیکھتے

وسعت کون و مکاں اس ریگزار دل میں ہے

آرزو ہے تم بھی آ کر دل کا صحرا دیکھتے

اپنے مرنے کی خبر اک دن اڑاتے کاش ہم

چاہنے والوں کا اپنے پھر تماشا دیکھتے

سر پہ سورج آ گیا پھر بھی نہ کھولی ہم نے آنکھ

صبح اٹھتے بھی تو آخر کس کا چہرہ دیکھتے

اس جہان رنگ و بو میں دیکھنے کو کیا رہا

تجھ کو دیکھا اور ان آنکھوں سے ہم کیا دیکھتے

تیرے گالوں کے مقابل دل میں حسرت رہ گئی

ایک دن تو ہم شفق کا رنگ گہرا دیکھتے

سارے چہرے دیکھ ڈالے ساری دنیا چھان لی

جستجو اب تک یہی ہے کوئی تم سا دیکھتے

سارے لمحے یاد آتے جو گزارے تیرے ساتھ

جنگلوں میں آگ کو جب ہم دہکتا دیکھتے

کیا پتا سینہ جلا دیتی ہمارا غم کی آگ

ہم جو اپنی طرح آزر اس کو تنہا دیکھتے


راشد آزر

No comments:

Post a Comment