Saturday 26 December 2020

اس طرح عہد تمنا کو گزارے جائیے

 اس طرح عہدِ تمنا کو گزارے جائیے

ان کو خاموشی کے لہجے میں پکارے جائیے

عشق کا منصب نہیں آوازۂ لفظ و بیاں

آنکھوں ہی آنکھوں میں ہر اک شکوہ گزارے جائیے

دیکھیے رسوا نہ ہو جائے کہیں رسم جنوں

اپنے دیوانے کو اک پتھر تو مارے جائیے

آئینہ پہ جو گزرنا ہو گزر جائے، مگر

آپ یوں ہی زلف برہم کو سنوارے جائیے

جذبۂ دل کا تقاضا ہے کہ بازی جیت لوں

احتیاط عشق کہتی ہے کہ ہارے جائیے

ہو سکے تو دل کی حالت خود ہی آ کر دیکھیے

غیر کی سنئے نہ کہنے پر ہمارے جائیے

کچھ تو لطف لمس آغوش تلاطم چاہیے

تا کجا اخگر کنارے ہی کنارے جائیے


حنیف اخگر

No comments:

Post a Comment