تپش جو نارِ جہنم سی گھاؤ گھاؤ میں ہے
الاؤ دل میں ہے میرے کہ دل الاؤ میں ہے
غمِ حیات کوئی لمحہ بھر کا غم تو نہیں
یہ رودِ درد ہے اور مستقل بہاؤ میں ہے
خود اپنی خوئے وفا سدِ رہ بنی ہوئی ہے
وگرنہ دل تو نئی منزلوں کے چاؤ میں ہے
سفر بھی ایک ہے دریا بھی ایک ہے، لیکن
میں اور ناؤ میں ہوں اور وہ اور ناؤ میں ہے
نگاہِ شاہ میں ہر لشکری ہے اب مشکوک
عجیب خوف و سراسیمگی پڑاؤ میں ہے
نہیں کہ صرف عدو گھات میں ہے اے طاہر
یہ خیمہ اپنے محافظ کے بھی دباؤ میں ہے
طاہر گل
No comments:
Post a Comment