دل کیا کسی کی بات سے اندر سے کٹ گیا
تتلی کا رابطہ کیوں گُلِ تر سے کٹ گیا
دو چار گام کا ہی سفر رہ گیا تھا بس
اس وقت میرا قافلہ رہبر سے کٹ گیا
موسم کے سرد و گرم کا جل پر اثر نہ تھا
وہ سنگدل بھی شعرِ سخنور سے کٹ گیا
صف میں مخالفوں کی میں سمجھا تھا غیر ہیں
دیکھا جو اپنے لوگوں کو اندر سے کٹ گیا
خیرات خوب کرتا ہے جب لوگ ساتھ ہوں
تنہا ہے وہ ابھی تو گداگر سے کٹ گیا
جب تک عروج تھا تو زمانے میں دُھوم تھی
جوں ہی زوال آیا، وہ منظر سے کٹ گیا
عارف انصاری
No comments:
Post a Comment