Monday, 8 November 2021

داستاں کہہ کے پریشاں دل ناکام نہ ہو

 داستاں کہہ کے پریشاں دل ناکام نہ ہو

اس خموشی میں بھی پنہاں کوئی پیغام نہ ہو

عشق میں بھی ہے تقاضا مِری خودداری کا

جو مِرے دل کو ملی ہے وہ خلش عام نہ ہو

مانگنے ہی کا طریقہ نہیں آتا ہم کو

غیر ممکن ہے تِری چشم کرم عام نہ ہو

پھول کے سائے میں کانٹوں کو بھی رہنے دیجے

صبح کی قدر نہ کی جائے اگر شام نہ ہو

حد سے جو چیز بھی بڑھتی ہے بدل جاتی ہے

کس طرح میری وفاؤں کا جنوں نام نہ ہو

آج کیوں ہاتھ تِرے کانپ رہے ہیں ساقی

دیکھ تو خون غریبوں کا تہِ جام نہ ہو

کون ایسا ہے جو دنیا کی زباں کو روکے

میں نے مانا کہ مِرے لب پہ تِرا نام نہ ہو

جلوۂ حسن نمایاں ہے ہر اک ذرے سے

کیا کیا جائے اگر ذوقِ نظر عام نہ ہو

کارِ دنیا میں لگے رہتے ہیں ہم اے شارب

شاعری اس کے لیے ہے جسے کچھ کام نہ ہو


شارب لکھنوی

No comments:

Post a Comment