عارفانہ کلام نعتیہ کلام
میں ذکرِ شہہِ انبیاؐء کر رہی ہوں
ثنائے حبیبِ خداؐ کر رہی ہوں
میں پھیلا کے دامن دعا کر رہی ہوں
درِ مصطفیٰﷺ پر صدا کر رہی ہوں
مجھے بخش دے زیست کے امتحاں سے
میں رو رو کے یہ التجا کررہی ہوں
نبیﷺ کی محبت کو دل میں بسا کر
میں دور اپنی ہر اک بلا کر رہی ہوں
نگاہوں میں بھر کر مدینہ کے جلوے
میں اپنے دُکھوں کی دوا کر رہی ہوں
لگا کر میں سینے سے یثرب کی مٹی
شفا دردِ دل کو عطا کر رہی ہوں
میری خوش نصیبی کا عالم تو دیکھو
مدینے میں سجدے ادا کر رہی ہوں
میں ٹھکرا کے دولت زمانے کی خود کو
محمدﷺ کے در کا گدا کر رہی ہوں
میرا نام بھی ہو تیرے خادموں میں
تیرے نام اپنی وفا کر رہی ہوں
ثنا گر ہوں فرحت میں شاہِ رُسلؐ کی
کہ سامانِ روزِ جزا کر رہی ہوں
فرحت شکور
No comments:
Post a Comment