Sunday, 28 November 2021

میرے محبوب علاج دل بسمل کر دو

 میرے محبوب علاجِ دلِ بسمل کر دو

اپنی چاہت کو مِرے پیار کا حاصل کر دو

اپنی پلکوں کے ستاروں کو بکھر جانے دو

سونی سونی سی ہے دنیا، اسے جھلمل کر دو

کسی ٹوٹی ہوئی کشتی کی طرح لہروں پر

زندگی ڈول رہی ہے، لبِ ساحل کر دو

اپنی آنکھوں کی اداسی کو مِرے نام کرو

دل کے غم دے کے مجھے محرمِ کامل کر دو

سارے غم اپنے مجھے دے کے تم آزاد رہو

اور مجھ کو غمِ دوراں کے مقابل کر دو

سائے جو رقصاں اداسی کے ہیں ان آنکھوں میں

اک جگہ کر کے انہیں عارض کا مِرے تل کر دو

تحفہ مت بھیجو تبسم کو کسی غیر کے ہاتھ

خود چلے آؤ کبھی، اور اسے مل کر دو


تبسم رضوی

No comments:

Post a Comment