عارفانہ کلام نعتیہ کلام
آنکھ با فیض ہوئی جو تِریؐ رعنائی سے
ہو نہیں سکتی ہے محروم وہ بینائی سے
زخمِ دل ہجر میں تیرے جو کبھی رستے ہیں
ان کو کرتا ہوں رفو مدح کی ترپائی سے
عشق سرکار دوعالمؐ ہے ہر اک غم کی دوا
کیا غرض مجھ کو زمانے کی مسیحائی سے
ظلمتِ شب ہوئی کافور ولادت سے تِری
ضو فشاں دہر ہوا جلوۂ زیبائی سے
میرے اعمال سیہ کرتے ہیں فریاد یہی
میرے مولیٰ تُو بچا حشر کی رُسوائی سے
وہ گدا ہو کے بنا رشکِ سلاطینِ جہاں
فیض جس کو ملا آقاﷺ تِری آقائی سے
موت آتی ہے جنہیں ذکرِ پیمبرؐ کرتے
وہ نہیں ڈرتے کبھی قبر کی تنہائی سے
میرا مقصد ہے ثنائے شہِ کونینﷺ حلیم
مجھ کو بس اتنی غرض ہے سخن آرائی سے
عبدالحلیم گونڈوی
No comments:
Post a Comment