Sunday, 28 November 2021

اللہ سے تو کوثر و تسنیم کدہ مانگ

عارفانہ کلام حمدیہ و نعتیہ کلام


اللہ سے تُو کوثر و تسنیم کدہ مانگ

میخانۂ فردوس میں پینے کی دعا مانگ

کام آئے گا کیا ابر میں لپٹا ہوا مہتاب

چلنا ہے اگر دل کے چراغوں سے ضیا مانگ

نعمت سے ہیں معمور خزانے تِرے رب کے

ذرّہ بھی نہ کم ہو گا تو دامن سے سوا مانگ

آیا ہے مشقّت کا تِرے تن پہ پسینہ

دم لینے کو محبوب کے دامن کی ہوا مانگ

ڈر ہے کہ کہیں روح میں پڑ جائیں نہ چھالے

ہرگز نہ مسیحا سے غمِ دل کی دوا مانگ

ان گرم ہواؤں میں ہے نفرت کی روانی

انساں کیلئے رب سے محبت کی فضا مانگ

اب چلتے نہیں ساز یہ فرسودہ ترانے

تُو مطرب خوش رنگ سے آہنگ نیا مانگ


ساز دہلوی

No comments:

Post a Comment