Tuesday, 30 November 2021

ایک چہرے پہ لگے کتنے ہی چہرے دیکھے

 ایک چہرے پہ لگے کتنے ہی چہرے دیکھے

وقت کے ساتھ بدلتے ہوئے رشتے دیکھے

لوگ گِرگٹ کی طرح رنگ بدلتے ہیں یہاں

آستینوں میں کئی سانپ بھی پلتے دیکھے

مجھ پہ الزام لگاتا ہے پسِ پشت جو شخص

کون ہوں کیسا ہوں میں، سامنے آ کے دیکھے

کس کو فرصت ہے جو تاریخ کے صفحے پلٹے

"کون اس وقت کی دیوار کے آگے دیکھے"

جب ہو مطلب تو بٹھا لیتے ہیں سر آنکھوں پر

میں نے تو دوست کچھ ایسے ہی نرالے دیکھے

اُنگلیاں خون میں لت پت ہیں تو حیرت کیا ہے

پھول چنتے ہوئے ہاتھوں نے نہ کانٹے دیکھے

ہم نے آثارِ قیامت بھی یہاں دیکھے ہیں

بھوک کی آگ میں جلتے ہوئے بچے دیکھے

غیر سے کیا کوئی امید لگائیں علوی

عشق کے رنگ بھی جو دیکھے تو پھیکے دیکھے


شان حیدر علوی

No comments:

Post a Comment