Monday 2 May 2022

اگر چبھتی ہوئی باتوں سے ڈرنا پڑ گیا تو

 اگر چُبھتی ہوئی باتوں سے ڈرنا پڑ گیا تو

محبت سے کبھی تم کو مُکرنا پڑ گیا تو

تِری بکھری ہوئی دنیا سمیٹے جا رہا ہوں

اگر مجھ کو کسی دن خود بکھرنا پڑ گیا تو

ذخیرہ پشت پر باندھا نہیں تم نے ہوا کا

کہیں گہرے سمندر میں اُترنا پڑ گیا تو

وہ مجھ سے دور ہوتا جا رہا ہے رفتہ رفتہ

اگر اس کو کبھی محسوس کرنا پڑ گیا تو

تم اس رستے میں کیوں بارود بوئے جا رہے ہو

کسی دن اس طرف سے خود گزرنا پڑ گیا تو

بنا رکھا ہے منصوبہ کئی برسوں کا تو نے

اگر اک دن اچانک تجھ کو مرنا پڑ گیا تو

تمہاری ضد ہے عاصم وہ نکھارے حسن اپنا

اگر اس کے لیے تم کو سنورنا پڑ گیا تو


صباحت عاصم واسطی

No comments:

Post a Comment