Monday 2 May 2022

اگر آپ ہم کو ستانے لگیں گے

 اگر آپ ہم کو ستانے لگیں گے

تو ہم اور بھی مسکرانے لگیں گے

مِرے دل کے اندر جو لمحے میں اترا

اسے بھولنے میں زمانے لگیں گے

اگر دیکھ لے اک جھلک ان کی تُو بھی

تِرے ہوش بھی پھر ٹھکانے لگیں گے

جب آرام ہم کو ذرا سا بھی آیا

تو وہ دردِ دل کو بڑھانے لگیں گے

قیامت تو برپا نہیں ہو گی کوئی

اگر آپ وعدہ نبھانے لگیں گے

رقیب آ کے چل جائے گا چال کوئی

اُنھیں جب کبھی ہم منانے لگیں گے

ذرا ان کو ساقی کا چہرہ دکھاؤ

تو پھر مےکدے شیخ آنے لگیں گے

وہ پہلے تِرے دل کو چوری کریں گے

پھر آنکھوں کو اپنی چُرانے لگیں گے

سرِ حشر پھر اک تماشا لگے گا

ستم ان کے جب ہم بتانے لگیں گے

بلا لیں گے پھر لوگ صیاد کو بھی

پرندوں کو جب ہم اڑانے لگیں گے

لگا دیں گے ہم آگ آنکھوں کو اپنی

اگر آپ چہرہ چھپانے لگیں گے

عبث برق کو پھر تکلف سا ہو گا

جو ہم آشیانہ بنانے لگیں گے

نوید ان کی آنکھوں کا آنسو تُو بننا

تجھے جب نظر سے گرانے لگیں گے


نوید ناظم

No comments:

Post a Comment