Monday 2 May 2022

کبھی آنکھوں کے کوزوں میں سمندر دیکھنے آؤ

 کبھی آنکھوں کے کوزوں میں سمندر دیکھنے آؤ

جو برپا ہے مِرے دل میں وہ محشر دیکھنے آؤ

تمہیں بارش کے موسم سے بلا کا عشق ہوتا تھا

برستی آنکھ میں ساون کا منظر دیکھنے آؤ

وہ جس پاگل کا اک پل بھی تمہارے بن نہ کٹتا تھا

گزارا کس طرح اس نے دسمبر دیکھنے آؤ

دیا طوفاں کی زد میں تم تو رکھ کر چل پڑے ظالم

لڑا کس کس سے وہ تنہا ستمگر دیکھنے آؤ

کبھی رشکِ فلک بن کر ستاروں میں جو رہتا تھا

بکھرتا جا رہا ہے وہ زمیں پر دیکھنے آؤ

کسی کاندھے پہ تم تو درد رکھ کر بھول بیٹھے ہو

کوئی کاندھا مجھے بھی ہے میسر، دیکھنے آؤ

مِرے پیروں کو چھو لیتے تو پھولوں سے جھگڑتے تھے

بچھے ہیں اب جو راہوں میں وہ پتھر دیکھنے آؤ


فوزیہ شیخ

No comments:

Post a Comment