حد سے بڑھ جائے بھی تو درد دبائے رکھنا
اپنے جذبات کو سینے میں چھُپائے رکھنا
ہر طرف خار ہیں اور راہ بھی دُشوار بہت
اپنے دامن کو سلیقے سے بچائے رکھنا
جانے کس پل کوئی تعبیر ہی سچ ہو جائے
اپنی نیندوں کو تو خوابوں سے سجائے رکھنا
ہمسفر کا ہی پتہ اور نہ منزل کی خبر
راستے کو تو پتہ اپنا بتائے رکھنا
تیر برسیں بھی اگر ہاتھ نہ لغزش کھائیں
اپنے ہاتھوں میں تو پرچم کو اُٹھائے رکھنا
تِری باتوں میں یہ تلخی ہے کیوں کہہ دے انور
تُو نے سِیکھا ہی نہیں سچ کو چھُپائے رکھنا
سید انور سعید
No comments:
Post a Comment