Tuesday 3 May 2022

بند آنکھوں سے دیکھو گی تو دکھائی دے گا

 جمال کشیدگی


سہیل

سہیل

مڈورا کی لپ سٹک کا گیارہ نمبر شیڈ کیسا ہے

مندر میں لگی گھنٹی کو معلوم ہو گا

کس ہاتھ کے جُنبش میں مسرت ہے

کون سا دست طلبِ حنائی میں بام تک آیا ہے

شدت بتاتی ہو گی افسانے شب خوابی کے

لیکن گھنٹی کا درد کون جانتا ہے

کیونے کا چھ نمبر کلر مجھ پہ سوٹ کرے گا نا

اس جوتے کی ارداس کس آواز میں ہو  گی

جس کو پہننے والے پردیس چلے گئے ہیں

بے جان چیزوں کو بھی محبت ہوتی ہو گی

مجھے لگتا ہے کہ سات نمبر شیڈ ٹرائی کرنا چاہئے

سرمہ ایجاد کرنے والے نے

من چاہے شخص کی آنکھوں میں کیا دیکھا ہو گا

اس کا خمار مصورِ زن سے زیادہ تھا کیا

ہاں پرفیوم سے زیادہ مجھے عطر عود پسند ہے

پہلا دانت جو چھت پہ پھینکا تھا

چڑیا اسے کہاں لے کر گئی ہو گی

بلبل کا بچہ، جو کھاتا تھا کھچڑی

پیتا تھا پانی

واپس نہ آنے میں کیا مصلحت ہو گی

یار آئی لائنر تو اب دو نمبر ہی آ رہے ہیں

بچھڑتے وقت دعائیں دینے والوں کی نفسیات کیا ہے

مار کے چھاؤں میں پھینکنے والوں کی نفسیات کیا ہے

سہیل دیوار پہ کیا دیکھ رہے ہیں آپ

تُم ایک شاعر کی محبت ہو

جمال کشیدگی ہے وصف جس کا

بند آنکھوں سے دیکھو گی

تو دکھائی دے گا


سہیل کاہلوں

No comments:

Post a Comment