Monday, 2 May 2022

آنکھ میں خواب زمانے سے الگ رکھا ہے

 آنکھ میں خواب زمانے سے الگ رکھا ہے

عکس کو آئینہ خانے سے الگ رکھا ہے

گھر میں گلدان سجائے ہیں تِری آمد پر

اور اک پھول بہانے سے الگ رکھا ہے

کچھ ہوا میں بھی چلانے کے لیے رکھا جائے

اس لیے تیر نشانے سے الگ رکھا ہے

اس کے ہونٹوں کو نہیں آنکھ کو دی ہے ترجیح

پیاس کو پیاس بجھانے سے الگ رکھا ہے

غیر ممکن ہے کسی اور کے ہاتھ آ جائے

وہ خزانہ جو خزانے سے الگ رکھا ہے

اک ہوا سی کہیں باندھی ہے چھپانے کے لیے

اِک تماشا سا لگانے سے الگ رکھا ہے

خواب ہی خواب میں تعمیر کیا ہے آزر

گھر کو بنیاد اٹھانے سے الگ رکھا ہے


دلاور علی آزر

No comments:

Post a Comment