Monday 2 May 2022

غصے میں جو نکھرا ہے اس حسن کا کیا کہنا

 غصے میں جو نکھرا ہے، اس حسن کا کیا کہنا

کچھ دیر ابھی ہم سے تم یوں ہی خفا رہنا

٭

اس حسن کے شعلے کی تصویر بنا لیں ہم

ان گرم نگاہوں کو سینے سے لگا لیں ہم

پل بھر اسی عالم میں اے جانِ ادا رہنا

کچھ دیر ابھی ہم سے، تم یوں ہی خفا رہنا

٭

یہ دہکا ہوا چہرہ، یہ بکھری ہوئی زلفیں

یہ بڑھتی ہوئی دھڑکن، یہ چڑھتی ہوئی سانسیں

سامانِ قضا ہو تم، سامانِ قضا رہنا

کچھ دیر ابھی ہم سے تم یوں ہی خفا رہنا

٭

پہلے بھی حسیں تھیں تم، لیکن یہ حقیقت ہے

وہ حسن مصیبت تھا، یہ حسن قیامت ہے

اوروں سے تو بڑھ کر ہو، خود سے بھی سوا رہنا

کچھ دیر ابھی ہم سے تم یوں ہی خفا رہنا

٭

ساحر لدھیانوی

No comments:

Post a Comment