Sunday, 3 July 2022

بے خبروں کا شہر

 بے خبروں کا شہر


اس بھرے شہر میں کسے خبر ہو سکتی ہے

کہ شہر میں رہنے والا تنہا اجنبی آدمی

کل رات سے اپنے فلیٹ میں مُردہ پڑا ہے

جبکہ اس کی پالتو بلی دروازہ بند ہونے سے

کمرے کے اندھیرے میں قید ہو کر رہ گئی ہے

کیا بدبُو پھیلنے تک وہ زندہ رہ پائے گی

کل رات اس شہر میں 

شک کی بنیاد پر عورت قتل کر دی گئی

اور اس کی لاش 

زیر تعمیر مسجد کے احاطے میں دفنا دی گئی

آج صبح اخبار میں اسی عورت کی

آشنا کے ساتھ فرار کی خبر سب نے پڑھ لی ہو گی

کوئی جاننے کی کوشش نہیں کرے گا کہ 

کل شام ایک نوجوان لڑکی

شہر میں داخل ہونے والی ٹرین کے آگے کیوں لیٹ گئی تھی

کل دوپہر جسم فروشی کے اڈے پر

جس لڑکے کا اپنی بیوہ ماں سے سامنا ہوا تھا

اس نے خود کو نامَرد بنا لیا جبکہ ماں نے نبض کاٹ لی ہے

اور کل صبح جس مزدور کو تیز رفتار گاڑی نے کچلا تھا 

میونسپلٹی والوں نے اسے ناقابل شناخت قرار دے کر

شہر سے باہر کچرے کے علاقے میں دفنا دیا ہے

مگر اس بھرے شہر میں کسے خبر ہو سکتی ہے

 

صفی سرحدی

No comments:

Post a Comment