Wednesday 20 July 2022

وہ بے وفا ہمیشہ سے عادی دغا کا تھا

 وہ بے وفا ہمیشہ سے عادی دغا کا تھا

لیکن مِرے خمیر میں عنصر وفا کا تھا

اک ہم نہیں تھے اس کے طلبگار شہر میں

عاشق امیرِ شہر بھی قاتل ادا کا تھا

دنیا کے حادثات میرا کیا بگاڑتے

ہر پل میرے وجود پہ سایہ خدا کا تھا

میرے ضمیر نے نظر انداز کر دیا

میرا بھی ورنہ آج ارادہ جفا کا تھا

میری نگاہِ شوق تو جامد سی ہو گئی

اس کے جمال و حسن کا پیکر بلا کا تھا

کتنے درخت پتوں سے محروم ہو گئے

کہنے کو کہہ دیا ہے کہ جھونکا ہوا کا تھا

ظالم نے جال چار سُو میرے بچھایا تھا

لیکن مجھے تو آسرا اپنے خدا کا تھا

سینے میں اب تو دل بھی نہیں درد بھی نہیں

محتاج میں تو برسوں سے تیری دوا کا تھا

کل دھیمی دھیمی آہٹیں آئیں تمام رات

"انداز ہو بہو تیری آوازِ پا کا تھا"

اب تو تیرے کرم کی بھی چاہت نہیں رہی

مانوس ورنہ پہلے تو تیری جفا کا تھا

اشہر نے اپنی زندگی کر دی تمہارے نام

اس کا یہ بے مثال عمل ہی وفا کا تھا


اشہر اشرف

No comments:

Post a Comment