Monday, 4 July 2022

سمندر پہ کی گئی محبت

 سمندر پہ کی گئی محبت


میں نے پہلی بار اسے

ریت میں دھنسے ہوئے تباہ شدہ جہاز کے عرشے پر دیکھا تھا

جب وہ ہنستے ہوئے تصویر بنوا رہی تھی 

اس کی آنکھیں بادلوں میں گھرے ہوئے سورج جیسی تھیں

یقیناً بچپن میں اسے نیند میں چلنے کی عادت رہی ہو گی 

سمندر جو رشتے میں ہم دونوں کا کچھ نہیں لگتا تھا

پھر بھی ہمارے درمیان تھا 

محبت ٹھنڈے پانی کی بوتل نہیں ہوتی

جسے میں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اسے پیش کر سکتا 

اگر میں نے سمندر کے بارے میں کوئی کتاب پڑھی ہوئی ہوتی

یا

میں اس تباہ شدہ جہاز کا کپتان رہا ہوتا تو

اس سے کچھ دیر گفتگو ہوسکتی تھی 

اگر میرے پاس کچھ پھول ہوتے 

تو میں اسے دکھا کر سمندر میں بہا دیتا

پیغام دینے کا یہ بھی ایک طریقہ ہے

ریل کے ڈبے میں بننے والا تعلق

اور

سمندر پہ کی گئی محبت ہمیشہ دکھ دیتی ہے 

آج برسوں بعد

خودکشی کے لیے کسی مناسب مقام کی تلاش میں پھرتا ہوا

میں سوچ رہا ہوں

اگر اس شام کوئی لہر مجھے بہا کر لے جاتی

تو میں اسے کچھ گھنٹے یاد رہ سکتا تھا


ساحر شفیق

No comments:

Post a Comment