انجماد
تمہیں خبر ہے
یہ زندگی فلم ہے جسے اک پروڈیوسر نے لکھ دیا ہے
تمہیں خبر ہے
میں تم سے ملنے سے پہلے تم سے
ان آسمانوں میں مل چکا تھا
جہاں پہ آدم نے آنکھ کھولی
جہاں پہ حوّا نے حسن پایا
جہاں پہ لوگوں نے رب کی چوکھٹ پہ
رب کی طاعت کا عہد باندھا
تمہیں خبر ہے
وہیں کہیں میرا ہاتھ تم نے ہی اپنے ہاتھوں میں تھام کر
مجھ سے زندگی بھر کا ساتھ مانگا
میں لیکن اب یہ بھی دیکھتا ہوں
کہ اس جہانِ فنا میں مجھ کو تمہارے نخروں کا سامنا ہے
میں لیکن اتنا بھی جانتا ہوں
تمہارے نخروں سے کچھ نہ ہو گا
کہ سارا قصہ پروڈیوسر نے لکھ دیا ہے
تمہیں خبر ہے
کہ رات میں نے پروڈیوسر سے بات کی تھی
تو اس نے ہنس کر کہانی دی اور کہا کہ پڑھ لو
تمہیں خبر ہے
کہانی میں میری تم سے شادی کا واقعہ تھا
ہمارے بچوں کے قہقہے بھی لکھے ہوئے تھے
ہمارے جیون کا قاعدہ بھی
اور آخری سین میں، میں بوڑھا تمہاری سنگت میں
ایک صوفے پہ بیٹھا تم پر بہت سے اشعار کہہ رہا تھا
اور اس ہی صوفے کے سامنے تم مجھے لگاتار تک رہی تھی
اسی لیے تم سے کہہ رہا ہوں
تمہارے نخروں سے کچھ نہ ہو گا
یہ زندگی فلم ہے جسے اک پروڈیوسر نے لکھ دیا ہے
اسامہ منیر
No comments:
Post a Comment