Sunday 27 November 2022

ڈھونڈتی چہرہ کسی دن کھڑکیاں رہ جائیں گی

 ڈھونڈتی چہرہ کسی دن کھڑکیاں رہ جائیں گی

اور پسِ پردہ تمہاری ہچکیاں رہ جائیں گی

موت اپنے ساتھ لے جائے گی انگلی تھام کر

چاہنے والوں کی پیچھے سسکیاں رہ جائیں گی

اِس بہانے ہی سہی میں یاد آؤں گا تمہیں

فیس بک کی وال پر جو سلفیاں رہ جائیں گی

پھول سارے چن کے لے جائے گا گلچیں باغ سے

دربدر یونہی بھٹکتی تتلیاں رہ جائیں گی

جب خزائیں نوچ لیں گی سبز شاخوں کا لباس

ہجر اوڑھے زرد رنگی ٹہنیاں رہ جائیں گی

جس گھڑی چاہے گا ڈوری کھینچ لے گا بازی گر

انگلیوں پہ ناچتی کٹھ پتلیاں رہ جائیں گی

یہ کہاں سوچا تھا ارشد ہم ملیں گے اس طرح

روبرو ہوتے ہوئے بھی دوریاں رہ جائیں گی


ارشد محمود

No comments:

Post a Comment