Sunday, 5 March 2023

اے خدائے برگزیده و برتر

اے خدائے برگزیده و برتر

ہم سے مخفی نہیں کہ جس سے تُو بیزار ہوا 

تُو نے اس کی آنکھ خشک کر دی 

ہمیں آنسوؤں کے چراغ کند مت کرنے دے 

اب اور کوفیوں کے خطوط سے آزمائش کی مہر ہٹا 

ہم صبر کے نیزوں پر ٹھہرائے جانے والے سر نہیں رکھتے 

ہمیں تولے ہوئے دن اور بجھی رات اور نہیں چاہیے

باری تعالیٰ 

ہمیں محبتوں کی ہرنیں کودتی پھاندتی دکھیں

ہمیں کوٹھوں سے اٹھا 

کہ ہم نے روٹی مہنگی اور جسم سستے کر دئیے ہیں 

ہمیں گھسیٹ کر حرم میں پھینک دے 

ہم سے کہ کے 

ہم تیرے غلاف کو لپیٹ لیں 

ہم نے چیخ دبائے رکھی ہے 

ہم نے رونا ہے

اور دیکھ محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کے معبود 

تخلیق کار بانجھ نہ کر 

ان پر کہانیاں پھینک اور قلم پوروں میں اڑسا دے 

طوائفوں کو بدن، خسروں کو چھت، باغبان کو زمین 

اور بوڑھوں کو ہنسی واپس بھیج دے 

عورتیں نہ لُٹیں

الٰہی اور نہیں 

ہجر، جبر اور نہیں

مستقل سفر اور نہیں 

کوئی مکر اور نہیں 

تیری کُن کے سوا 

کوئی در اور نہیں


مسلم انصاری 

No comments:

Post a Comment