Tuesday, 28 March 2023

میں ہی بولوں گا نہ تو بولے گا

 میں ہی بولوں گا نہ تُو بولے گا

بے گناہوں کا لہو بولے گا

موسم گل میں یہ اعجاز جنوں

ایک اک تار رفُو بولے گا

مے کدہ بھی ہے کرامت کا مقام

دست ساقی میں سبُو بولے گا

پاس پیمان محبت ہے مجھے

چپ رہیں دوست عدُو بولے گا

میں بد اخلاق نہیں ہوں مجھ سے

کیوں بت عربدہ جُو بولے گا

جرم حق گوئی میں سر جانے پر

میرا اک اک بُنِ مُو بولے گا

ہوک اٹھے گی مِرے دل سے راغب

جب پپیہا لبِ جُو بولے گا


راغب مرادآبادی

No comments:

Post a Comment