مردانہ کمزوری
کوئی اپنا مَرا
میرا اپنا مَرا
میرے آنگن میں ماتم کی صف بچھ گئی
عورتیں بین کرتی رہیں
بچے روتے رہے
میں نہیں رو سکا
میری پہلی محبت جو سَچی بھی تھی
اور سُچی بھی تھی
جب کسی نے اسے مسترد کر دیا
میرے سینے میں یکدم گھٹن بھر گئی
سانس رکنے لگی
میں نہیں رو سکا
مجھ پہ تہمت لگائی کسی شخص نے
میرے کردار کی لاش پر پاؤں رکھ کر وہ اونچا ہوا
میرے پیروں کے نیچے زمیں نہ رہی
میں نہیں رو سکا
جیسے چرواہا جھولی میں پتے دکھا کر
(جو ہوتے نہیں ہیں)
بلاتا ہے اپنی طرف بکریاں
مجھ کو ایسے کسی نے کہا؛ آ محبت کریں
اس کے نزدیک جا کر کُھلا
اس کی جھولی میں چاہت کے پتّے نہیں
میری چیخیں گلے میں رکی رہ گئیں
میں نہیں رو سکا
میں نے دفتر میں اک نوکری ڈھونڈ لی
تھوڑا تھوڑا وہاں روز مرتا رہا
کام کرتا رہا
میرے کانوں میں لاوا انڈیلا گیا
میرے چہرے کی رونق مٹائی گئی
ایک اک رگ سے خوں کو نچوڑا گیا
میرا سارا بدن زرد ہوتا رہا
درد ہوتا رہا
میں نہیں رو سکا
میرے کاندھے پہ عورت کو رکھا گیا
پشت پر باپ کا کنبہ لادا گیا
سر پہ کوّے بھی بھوکے بٹھائے گئے
میرے ہاتھوں میں تلوار دے دی گئی
مجھ کو میرے خدا سے ڈرایا گیا
جب کمر جھک گئی
میں گھسٹ کر چلا
کہنیاں چِھل گئیں
گُھٹنے زخمی ہوئے
خون رِستا رہا
میں نہیں رو سکا
حادثوں، آفتوں
بم دھماکوں، وباؤں میں اور جنگ میں
میرے اپنوں کی لاشیں اٹھائی گئیں
میرا دل بھر کے آنکھوں تلک آ گیا
میں نہیں رو سکا
رات دنیا سے چھپ کر
میں ایسے جہاں کو خیالوں میں
لاتا ہوں جس میں سبھی دوست ہوں
اس طرح جس طرح
پیڑ کی ایک ٹہنی کٹے تو سبھی ٹہنیاں
خود پہ محسوس کرتی ہیں
آرے کے دانت
اور سبھی ٹہنیاں اپنا رس بانٹتی ہیں کٹی شاخ سے
پھر کئی ٹہنیاں پُھوٹتی ہیں اسی شاخ سے
ایک ایسے جہاں کو خیالوں میں لاتا ہوں
جس میں سبھی عورتیں
شادمانی میں کُھل کر ہنسیں
درد میں مرد بھی رو سکیں
میں بہت رو کے چِلا کے دنیا کو بتلا سکوں
میرے اعصاب میں کس قدر درد ہے
میں تصور میں لاتا ہوں ایسی جگہ
جس جگہ مجھ کو روتا ہوا دیکھ کر
کوئی یہ نہ کہے؛
مرد بن، مرد بن
صبح ہوتے ہی میں
اپنی ساری اذیت کو
کاندھوں پہ لادے ہوئے کام پر جاتا ہوں
اُس جہاں کے خیالوں سے باہر نکل آتا ہوں
کیوں کہ ایسا جہاں
جس میں عورت کو اپنے برابر سمجھنا پڑے
میری مردانگی کو گوارا نہیں
شعیب کیانی
No comments:
Post a Comment