Saturday 15 April 2023

کھلا ہے سبھی کے لیے باب رحمت وہاں کوئی رتبے میں ادنیٰ نہ عالی

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


کھلا ہے سبھی کے لیے بابِ رحمت وہاں کوئی رتبے میں ادنیٰ نہ عالی

مرادوں سے دامن نہیں کوئی خالی، قطاریں لگائے کھڑے ہیں سوالی

میں پہلے پہل جب مدینے گیا تھا تو تھی دل کی حالت تڑپ جانے والی

وہ دربار سچ مچ مِرے سامنے تھا، ابھی تک تصور تھا جس کا خیالی

میں اک ہاتھ سے دل سنبھالے ہوئے تھا تو تھی دوسرے ہاتھ میں سبز جالی

دعا کے لیے ہاتھ اٹھتے تو کیسے؟ نہ یہ ہاتھ خالی نہ وہ ہاتھ خالی

جو پوچھا ہے تم نے کہ میں نذر کرنے کو کیا لے گیا تھا تو تفصیل سن لو

تھا نعتوں کا اک ہار اشکوں کے موتی درودوں کا گجرا، سلاموں کی ڈالی

دھنی اپنی قسمت کا ہے تو وہی ہے دیارِ نبیؐ جس نے آنکھوں سے دیکھا

مقدر ہے سچا مقدر اسی کا، نگاہِ کرم جس پہ آقاﷺ نے ڈالی

میں اس آستانِ حرم کا گدا ہوں جہاں سر جھکاتے ہیں شاہانِ عالم

مجھے تاجداروں سے کم مت سمجھنا مِرا سر ہے شایانِ تاجِ بلالی

میں توصیفِ سرکارؐ تو کر رہا ہوں مگر اپنی اوقات سے باخبر ہوں

میں صرف ایک ادنیٰ ثنا خواں ہوں انؐ کا کہاں میں کہاں نعتِ اقبال و حالی


اقبال عظیم

No comments:

Post a Comment