Wednesday, 24 May 2023

کب مرے ساتھ ساتھ روتی ہے

 کب مِرے ساتھ ساتھ روتی ہے

جب میں سو جاؤں رات روتی ہے

تیری انگشت سے اترتے ہی

ہر انگھوٹھی کی دھات روتی ہے

ایک رانی ہے جو حویلی میں

پہن کر زیورات روتی ہے

جو ادا ہو نہ تیرے ہونٹوں سے

وہ سیہ بخت بات روتی ہے

ایک زنجیر سے بندھی ہوئی سوچ

دیکھ کر ممکنات روتی ہے

اک طرف چل پڑے ہیں خیمہ زن

اک طرف شش جہات روتی ہے

تیری یکسوئی کے تعاقب میں

فرش پر ایک ذات روتی ہے


احمد افتخار

No comments:

Post a Comment