Saturday, 22 July 2023

افق شفق میں ہے ظاہر وہی لہو اب تک

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت سلام


افق شفق میں ہے ظاہر وہی لہو اب تک

مہک رہی ہے جہاں میں وہ مُشکبو اب تک

حسینؑ نے جو کیا تھا وہ آخری سجدہ

فضا میں گونج رہی ہے صدائے ہُو اب تک

جو خوں بہا تھا گلوئے امامؑ سے اس دن

شفق کے رُوپ میں چمکے ہے وہ لہو اب تک

زمین مشہد اقدس ہنوز گریہ کناں

ہے ذرہ ذرہ میں خونِ نبیؐ کی بو اب تک

وہ ہات جس کو یزیدی اسیر کر نہ سکے

وہ ہات سبطِؑ نبیؐ کا ہے با وضو اب تک

وَلاَ تَقُوْلُوا لِمَنْ یُّقْتَلُ کی آیت سے

چلی حیاتِ شہیداں کی گفتگو اب تک

گریباں چاک ہیں جن کے وہی تو قاتل ہیں

ہے کُوفیوں کو حسینوں کی جستجو اب تک

حسینیو! اُٹھو، کہہ دو ذرا زمانے سے

ہماری قوم میں باقی ہیں جنگجو اب تک

ہمیں نہ چھیڑو کہ ہم کربلا سے آتے ہیں

رگوں میں دوڑ رہا ہے وہی لہو اب تک

تمہیں ہے نظمی تعلق شہیدِ اعظم سے

سنبھالے بیٹھے ہو دادا کی آبرو اب تک


سید نظمی مارہروی

No comments:

Post a Comment