Thursday 19 October 2023

مجھ کو لگا جنوں کے پر عشق سے ہمکلام کر

 مجھ کو لگا جنوں کے پر، عشق سے ہمکلام کر

چاند اُفق پہ آئے جب،۔ وحشتِ دل! خِرام کر 

ایک سرائے غم کی ہے، جس کا یہ ہے مطالبہ

دن میں کہیں بھی رہ مگر، شب میں یہاں قیام کر 

اب تو معاملے میں ہے فتح و شکست کا سا رنگ

جسم کی سلطنت نہ سونپ، دل بھی ہمارے نام کر 

شعر و سخن کا کاروبار دیتا نہیں ہے نفع زر

تُو بھی ہوا کے رُخ پہ ہو، تُو بھی تو کوئی کام کر 

عشق سے لو لگا کے جی، جذب کا ایک گھونٹ پی

ساری جفائیں بخش دے، رسمِ وفا کو عام کر 

فکرِ معاش میں تجھے تج ہی دیا، یہ کیا کِیا 

اے غمِ دوست آ اِدھر،۔ دل میں مِرے قیام کر 

سارے جہاں سے بے خبر، یوں بھی اِدھر کو آ کبھی

اپنی ہنسی سے دن نکال، اپنی خوشی سے شام کر 

اب تو وہ دن ہی ڈھل گئے، اب تو وہ راتیں جا چکی

اب تو بکھر گئی ہے بزم، اب تو سخن تمام کر 

تا کہ تِرا سخن صفی واقفِ سوز و ساز ہو

جامۂ خسروی پہن،۔ میر کو جا سلام کر 


صفی ربانی

No comments:

Post a Comment