عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
سیرت کے معجزے وہ دِکھائے رسولﷺ نے
آتش کدے میں پُھول کھلائے رسولﷺ نے
کانٹے بُرائیوں کے ہٹائے رسولﷺ نے
اچھائیوں کے باغ لگائے رسولﷺ نے
دُنیا میں کتنے رنج اُٹھائے رسولﷺ نے
دریا بھی رحمتوں کے بہائے رسولﷺ نے
انسان کو لباسِ تمدّن عطا کیا
آداب زندگی کے سِکھائے رسولﷺ نے
یہ ساری کائنات منوّر اُنہیؐ سے ہے
ذہنوں میں جو چراغ جلائے رسولﷺ نے
پیاسے جو خون کے تھے انہیں کر دیا معاف
سب کو چُھپا لیا ہے رِدائے رسولﷺ نے
انساں کی رہنمائی کریں گے جو حشر تک
زرّیں اصول ایسے بتائے رسولﷺ نے
یہ ساری کائنات ہے صدقہ رسولﷺ کا
سب کچھ عطا کیا ہے خُدائے رسولﷺ نے
اب خوف کیا تمازتِ خورشیدِ وقت سے
پھیلا دئیے ہیں دُھوپ میں سائے رسولﷺ نے
جو ننگ آدمی تھے انہیں بھی تو دیکھیے
انساں بنا دیا ہے دُعائے رسولﷺ نے
پہلے تو کوئی شخص مجھے جانتا نہ تھا
بخشا ہے یہ مقام ثنائے رسولﷺ نے
اعجاز اب مجھے کوئی دُنیا میں غم نہیں
سرشار کر دیا ہے ولائے رسولﷺ نے
اعجاز رحمانی
No comments:
Post a Comment