عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
اے صبا! اب اُڑا مجھ کو سُوئے حرم
پھر سے دیکھوں میں شہرِ رسولِ اُممؐ
شہرِ عظمت کو کِھنچنے لگا میرا دل
خُوشبوئے شوق! ہو جا مِری ہم قدم
میری ہر سانس ہو وقفِ ذکرِ نبیﷺ
ہو اسی سے مِرے روز و شب کا بھرم
عشق جس دل میں سرکارﷺ کا بس گیا
کب رہے پھر بھلا اس میں دُنیا کے غم
گُنبدِ سبز کی یاد آئی جہاں
مِٹ گئے ہیں وہیں سارے رنج و الم
اے شہِ دو سراؐ، خاتم المُرسلاںﷺ
آپﷺ کے دم سے قائم رہے میرا دم
حبس حد سے بڑھا، آپﷺ یاد آ گئے
کُھل کے برسا مِرے سر پہ ابرِ کرم
میری بخشش کا سامان ہو جائے ناز
ہو جو مدحِ نبیﷺ میں رواں یہ قلم
ناز بٹ
No comments:
Post a Comment