عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
کبھی تو مِرے دل میں آ کملیﷺ والے
یہ اُجڑا ہُوا گھر بسا کملیﷺ والے
ذرا اپنا جلوہ دِکھا کملیﷺ والے
مجھے مست و بیخود بنا کملیؐ والے
مجھے پھر مدینے بُلا کملیﷺ والے
مِری سوئی قِسمت جگا کملیﷺ والے
محمدﷺ محمدﷺ محمدﷺ محمدﷺ
یہ ہو وِرد صبح و مسا کملیﷺ والے
تِرے سبز گُنبد کو جس وقت دیکھوں
کروں جان اپنی فِدا کملیﷺ والے
خُدا کی قسم سر اُٹھاؤں نہ ہر گز
ملے گر تِرا نقشِ پا کملیﷺ والے
کوئی زُہد پر، کوئی تقویٰ پہ نازاں
مجھے ہے تِرا آسرا کملیﷺ والے
ہے الطالح لی جو فرمان تیراﷺ
بُروں کو بھلا خوف کیا کملیﷺ والے
مِرے عیب دُنیا پہ کُھلنے نہ پائیں
تُو دامن میں اپنے چُھپا کملیﷺ والے
بُرا یا بھلا ہے وہ بس آپﷺ کا ہے
ہے مشتاق کب اور کا کملیﷺ والے
سید غلام معین الدین مشتاق
No comments:
Post a Comment