Monday, 29 April 2024

ہماری شکلیں آگ سے دھلے آیئنوں نے مسخ کر دیں

 آگ سے دُھلے آئینے


ہماری شکلیں آگ سے دُھلے آیئنوں نے مسخ کر دیں

پھول کمہلانے کی تکلیف جلنے سے بہرحال کم ہے 

بستی بستی پناہ ڈھونڈتے رسول

اور درزوں میں چھُپے دھوکے

آسمان کس قدر دل گرفتہ ہے 

میرا دل جیسے راکھ ہوتے ہوئے کسی ستارے کی آخری چیخ ہے 

یہاں میری مٹی نے سچ کے پیر کاٹ کر 

اسے کہنیوں کے بل چلنے پر مجبور کر دیا ہے

جھُوٹ دن دہاڑے شہر میں دندناتا پھرتا ہے

اور شہر کے اونچے منارے سے 

لٹکتا ہوا گھڑیال 

غلط وقت بتانے میں ذرا شرم محسوس نہیں کرتا 

سانپ کُھلی آستینوں سے جھانکتے ہیں 

مگر ڈستے نہیں 

کہ ڈسنے کے لیے کوئی آدم زاد بھی تو ہو

جسموں پہ فقط رنگے برنگے ملبوس ہیں 

اندر بس کھوکھلی لاشوں کے سوا کچھ بھی نہیں 

لاشیں کہ جنہیں 

مکر و فریب کے آوارہ بھیڑیوں نے

چبا کر گلی کُوچوں میں ٹہلنے کو چھوڑ دیا 

اور ان کی سڑاند سے 

تمام ذی رُوح بھاگ کر

نامعلوم بستیوں کی طرف ہجرت کر گئے ہیں


توقیر رضا

No comments:

Post a Comment