Wednesday, 17 April 2024

رگوں سے یاد کا نیلا لہو نچوڑتا ہوں

 رگوں سے یاد کا نیلا لہو نچوڑتا ہوں

میں باغِ ہجر سے ہر شام پھول توڑتا ہوں

یہ اور بات کبھی جاگتے نہیں ہیں ہم

اُسے ہلاتا ہوں، خود کو کبھی جھنجوڑتا ہوں

کوئی بھی چاہے تو آسانی سے چھڑا لے جائے

اب ایک ہاتھ پکڑتا ہوں ایک چھوڑتا ہوں

یہ گرد باد مجھے ہی تباہ کرتا نہیں

میں اپنا رُخ کبھی اُس کی طرف بھی موڑتا ہوں

ہوائے صبح کی آہٹ سے ٹوٹ جاتی ہے

وہ شام جس کو میں لمحہ بہ لمحہ جوڑتا ہوں

بھلے فسردگی پہلے سے بھر چکی ہو مگر

میں آبلہ سرِ نوکِ وصال پھوڑتا ہوں

وہ ایک سست قدم شخص ہاتھ آ نہ سکا

اگرچہ کہنے کو میں کتنا تیز دوڑتا ہوں


سعید شارق

No comments:

Post a Comment