Wednesday, 17 April 2024

کسی کانٹے سے رشتہ، کیل سے نسبت تمہاری ہے

 کسی کانٹے سے رشتہ، کیل سے نِسبت تمہاری ہے

بہت ہی سخت سنگِ میل سے نسبت تمہاری ہے

تمہارے ہاتھ کے چُھونے سے سانسیں رکنے لگتی ہیں

صحیح کہنا، کیا عزرائیل سے نسبت تمہاری ہے؟

جو تم نے کُرۂ دل پر یہ کعبہ ہے بنا ڈالا

پتا لگتا ہے اسماعیلؑ سے نسبت تمہاری ہے

تمہارے چار سُو یہ روشنی کیوں رقص کرتی ہے

کسی مہتاب سے، قندیل سے نسبت تمہاری ہے؟

یہ جو تحریر ہے جس میں بہت سے نام روشن ہیں

ذرا پڑھ لو اسے تفصیل سے، نسبت تمہاری ہے

مُصنف ایک ہے اور ایک ہے پیغام دونوں کا

مِری قُرآن سے، انجیل سے نسبت تمہاری ہے

سمندر میں اگر اُترو تو اپنا رنگ نہ کھونا

سبھی پہچان لیں کس جھیل سے نسبت تمہاری ہے

چلو عدنان اچھا ہے میسر گر نہیں ہوں میں

مِرے جیسے ہی اک شرجیل سے نسبت تمہاری ہے


عدنان خالد شریف

No comments:

Post a Comment