Tuesday, 26 November 2024

ایمان ہے وابستہ اقرار محمد سے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


ایمان ہے وابستہ اقرار محمدﷺ سے

کونین منور ہیں انوارِ محمدﷺ سے

دنیا کے حوادث سے ہونے کا نہیں کچھ بھی

جب تک رہے ربط اپنا دربار محمدﷺ سے

اسرا کلامِ حق ظاہر ہوئے دنیا پر

کردارِ محمدﷺ سے گفتارِ محمدﷺ سے

فکرِ شہِ طیبہ بھی داخل ہے عبادت میں

چمکاؤ نصیب اپنا اذکارِ محمدﷺ سے

پھیلی ہے عجب خوشبو احساس کے دامن میں

آئی ہے صبا جب سے گلزارِ محمدﷺ سے

معراج کی شب آقاﷺ اک پل میں گئے آئے

کیا برق کا نسبت ہے رفتارِ محمدﷺ سے

دیدارِ الہیٰ ہے حصہ ان ہی لوگوں کا

جو لوگ مشرف ہیں دیدارِ محمدﷺ سے

سیرت کی سمجھنا ہی قرآں کو سمجھنا ہے

قرآن الگ کب ہے کردارِ محمدﷺ سے

ہے اپنی مسیحائی پر ناز جنہیں اکمل

پائے ہیں شفا وہ بھی بیمارِ محمدﷺ سے


اکمل آلدوری

No comments:

Post a Comment