Friday, 29 November 2024

ایک تو پتھر اچھالا جا رہا ہے

 ایک تو پتھر اُچھالا جا رہا ہے

اس پہ شیشہ بھی سنبھالا جا رہا ہے

گھر اندھیروں کا کھنگالا جا رہا ہے

رات میں سُورج نکالا جا رہا ہے

پھُول تو مجبوریوں میں کِھل رہے ہیں

باغ میں کانٹوں کو پالا جا رہا ہے

آپ کی تب تک ہی زندہ باد ہو گی

پیٹ میں جب تک نِوالا جا رہا ہے

اب سُنا ایسے بھی سانچے بن رہے ہیں

جن میں کوزہ گر کو ڈھالا جا رہا ہے

اب کہاں کندھوں کو کچھ تکلیف ہو گی

بوجھ سارا دل پہ ڈالا جا رہا ہے

بند رہ کر وہ بھی اب اُکتا گیا ہے

چابیوں کے پاس تالا جا رہا ہے


چندرشیکھر ورما

No comments:

Post a Comment