عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
ذکرِ شہ ابرارﷺ مدام اچھا لگے ہے
ہر آن درود اور سلام اچھا لگے ہے
رہتی ہے سدا پیشِ نظر پیروی انؐ کی
جو اچھا لگے ان کو وہ کام اچھا لگے ہے
دیوانہ کہے یا کوئی کچھ کہے مجھ کو
قرآن کے بعد انؐ کا کلام اچھا لگے ہے
دیکھا ہے ہر اک اِزم کو، آئین کو، لیکن
مجھ کو مِرے آقاﷺ کا نظام اچھا لگے ہے
صدیقؓ و عمرؓ ہوں کہ وہ عثمانؓ و علیؓ ہوں
ترتیب سے ہر ایک کا نام اچھا لگے ہے
اللہ! عطا کر مجھے اُس در کی حضوری
نزدیک ہو آقاﷺ کے غلام اچھا لگے ہے
تابش مہدی
ڈاکٹر تابش مہدی (سال پیدائش1951 – سال وفات 2025)
سوانحی خاکہ
ڈاکٹر تابش مہدی اردو زبان و ادب کی ایک معتبر اور نمایاں شخصیت تھے، آپ نے بطور شاعر، نقاد، صحافی، اور مصنف اپنے عہد میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی علمی، ادبی، اور تخلیقی خدمات نے اردو ادب میں ایک نئی جہت پیدا کی۔ ان کی زندگی کا ہر لمحہ ادب و علم کے فروغ کے لیے وقف رہا اور ان کا کام آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔
تصانیف
تابش مہدی کی ادبی خدمات میں 55 سے زائد تصانیف ہیں جن میں شاعری، تنقید، تحقیق، تجزیہ، اور سفرنامے شامل ہیں۔
شعری مجموعے
٭نقش اول (1971ء)
٭لمعات حرم (1975ء)
٭سرود حجاز (1977ء)
٭تعبیر (1989ء)
٭سلسبیل (2000ء)
٭کنکر بولتے ہیں (2005ء)
٭صبح صادق (2008ء)
٭طوبیٰ (2012ء)
٭غزل نامہ (2011ء)
٭مشک غزالاں (2014ء)
٭رحمت تمام (2018ء)
٭غزل خوانی نہیں جاتی (2020ء)
٭دانائے سبل (2023ء)
تنقیدی کتب
٭مولانا منظور نعمانی کی تصویر (1980ء)
٭جماعت اسلامی حقیقت کے آئینے میں (1981ء)
٭تبلیغی نصاب – ایک مطالعہ (1983ء)
٭تبلیغی جماعت اپنے بانی کے ملفوظات کے آئینے میں (1985ء)
٭اردو تنقید کا سفر (1999ء)
٭نقد غزل (2005ء)
٭تنقید و ترسیل (2011ء)
تجزیے
٭صل علی صل علی (1992ء)
٭میرا مطالعہ (1995ء)
٭شفیق جونپوری – ایک مطالعہ (2002ء)
٭رباب رشیدی – ایک سخن ور پیارا سا (2006ء)
٭عرفانِ شہباز (2014ء)
٭حالی شبلی اور اقبال (2017ء)
سفرنامہ
٭وہ گلیاں یاد آتی ہیں (2007ء)
اعزازات
تابش مہدی کو ان کی علمی و ادبی خدمات پر کئی اعزازات سے نوازا گیا، جن میں سے بعض کا ذکر درج ذیل ہے
٭حضرت حسان ایوارڈ (2005ء) – کل ہند حمد و نعت اکادمی، دہلی
٭شان ادب ایوارڈ (2011ء) – بزم ادب دیوبند
٭نشان اردو (2013ء) – اردو اکادمی نیپال
٭راسخ عظیم آبادی ایوارڈ (2013ء) – بہار اردو اکادمی، پٹنہ
٭ضیاء فتح آبادی ایوارڈ (2014ء) – مہر فاؤنڈیشن، دھولیہ، مہاراشٹر
٭فریو واہی ایوارڈ (2014ء) – فریو واہی اکادمی، الہ آباد
٭ایوارڈ برائے اردو شاعری (2015ء) اردو اکادمی دہلی
٭قومی یک جہتی ایوارڈ بہ خطاب افتخار ادب (2021ء) – بزمِ اردو، سیتاپور
٭علامہ اقبال ایوارڈ برائے شعر و ادب (2021ء) – اردو ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن، انڈیا
No comments:
Post a Comment