Saturday, 18 January 2025

جب کسی یاد کے مندر میں گجر بول پڑا

 جب کسی یاد کے مندر میں گجر بول پڑا

اک مؤذن بھی سر‌ وقت سحر بول پڑا

دیکھ کر میرے خد و خال کو اک آئینہ

کتنا خاموش طبیعت تھا مگر بول پڑا

روز چپ چاپ وہ رستے سے گزر جاتا ہے

اور میں سوچتا رہتا ہوں اگر بول پڑا

میرے آنے کی خوشی تھی کہ تغافل کا گلہ

ایک مدت سے جو خاموش تھا در بول پڑا

پھر فضاؤں میں سخن گھولنے بادل آئے

پھر چلی تیز ہوا اور شجر بول پڑا


قیس رضا

No comments:

Post a Comment