کبھی تنہائیٔ منزل سے جو گھبراتا ہوں
ان کی آواز یہ آتی ہے کہ میں آتا ہوں
بے خودی کی یہی تکمیل ہے شاید اے دوست
تو جو آتا ہے تو میں ہوش میں آ جاتا ہوں
یہ ترا در بھی ہے کعبہ بھی ہے بت خانہ بھی
سجدے کرتا ہوا میں سب کو یہیں پاتا ہوں
طور خاموش سہی جلوے تو خاموش نہیں
بجلیاں کوندتی پاتا ہوں جدھر جاتا ہوں
اب اسے ڈھونڈنے والا نہیں بھٹکے گا کوئی
میں رہ دوست میں اک نقش بنا جاتا ہوں
کون آواز دئیے جاتا ہے مجھ کو قیصر
کہ میں ہر گام پہ کہتا ہوں ابھی آتا ہوں
قیصر وارثی
No comments:
Post a Comment