Tuesday, 28 January 2025

جب ہم کو تغافل میں کبھی یاد کرو گے

 جب ہم کو تغافل میں کبھی یاد کرو گے

ہم خوب سمجھتے ہیں جو بیداد کرو گے

کیا خاک توقع ہو پذیرائیٔ غم کی

تم خاک علاج دل ناشاد کرو گے

وہ ہم کہ گرفتار تغافل ہی رہیں گے

وہ تم ہو کہ بھولے سے کبھی یاد کرو گے

یہ رسم و رہ نازش بے جا نہ مٹے گی

کچھ تازہ ستم اور بھی ایجاد کرو گے

ڈھونڈو گے بہت ہم کو مگر ہم نہ ملیں گے

تڑپو گے بہت روؤ گے فریاد کرو گے

وہ شمع محبت نہ جلی ہے نہ جلے گی

روشن جو سر رہ گزر یاد کرو گے

اندیشۂ رسوائی سے اب اور کہاں تک

تشہیر غم عشق خدا داد کرو گے

موہوم سی اک آس پہ جیتے ہیں ابھی تک

یعنی کہ کسی روز تو تم یاد کرو گے

احمر سے بہر طور تمہیں ربط رہا ہے

احمر ہی کو بھولے تو کسے یاد کرو گے


احمر رفاعی

ڈاکٹر احمد حسین احمر

No comments:

Post a Comment